ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ: اڈانی گروپ سے مہنگے داموں میں بجلی خرید کر گجرات کو فراہم کئے جانے کے خلاف کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ

ہریانہ: اڈانی گروپ سے مہنگے داموں میں بجلی خرید کر گجرات کو فراہم کئے جانے کے خلاف کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ

Fri, 06 May 2022 23:48:56    S.O. News Service

چنڈی گڑھ،6؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کارکنوں نے بجلی اور پینے کے پانی کی پریشانی کے خلاف سرسہ میں الیکٹرسٹی بورڈ کے ضلع ہیڈکوارٹر پر احتجاج کیا۔ اس دوران برنالہ روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا اور کانگریس کارکنوں نے الیکٹرسٹی کارپوریشن کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران کانگریس کارکنوں نے اڈانی گروپ سے مہنگے داموں بجلی خرید کر وہی بجلی گجرات کو فراہم کئے جانے پر سوال اٹھائے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پوری ریاست میں بجلی کی قلت ہے، جس کی وجہ سے پینے کے پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے۔

ضلع کانگریس کمیٹی نے الیکٹرسٹی کارپوریشن کے دفتر کے باہر دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کو بجلی اور پینے کا پانی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے اور اس میں سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ سرسہ علاقہ بجلی کے وزیر رنجیت سنگھ کا آبائی ضلع ہے۔

کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت بجلی اور پانی کے مسئلہ کو جلد از جلد حل کرے بصورت دیگر الیکٹرسٹی کارپوریشن کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کے بعد آنے والے دنوں میں تمام پاور اسٹیشنوں پر مظاہرہ کیا جائے گا۔ دھرنے کے بعد کانگریس کارکنان بجلی بورڈ کے دفتر میں داخل ہوئے اور نعرے بازی کی۔


Share: